اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں سکیورٹی فورسز کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید سپاہی شکیل شفقت کی بہادری اور شجاعت کو سلام پیش کیاہے۔اتوار کو یہاں جاری بیان میں سپیکر نے دہشتگروں کے خلاف کارروائی پر سکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سپیکر نےدوران آپریشن فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں سپاہی شکیل شفقت کے جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پوری قوم متحد ہے،سکیورٹی فورسز دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے کے غیر متزلزل عزم سے سرشار ہیں۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ملک میں بد امنی پھیلانے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں،
سکیورٹی فورسز دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی صلاحیت رکھتی ہیں،سپیکر قومی اسمبلی نے شہید کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔سپیکر نے اللہ تعالیٰ سے شہید سپاہی شکیل شفقت کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔