سپیکر قومی اسمبلی کا چاند رات کو جناح سپر گول مارکیٹ میں شہریوں کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ پر افسوس کا اظہار ، واقعہ کا نوٹس، آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کر لی

265

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے چاند رات کو جناح سپر گول مارکیٹ میں عید الفطر کی خریداری کرنے والی فیملیز اور شہریوں کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ کی مذمت کی ہے۔انہوں نے ایڈیشنل سیکرٹری قومی اسمبلی سید شمعون ہاشمی کی فیملی سمیت دیگر فیملیز کے ساتھ بدتمیزی اور بہیمانہ تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیا ہے۔

انہوں نے ایڈیشنل سیکرٹری قومی اسمبلی سید شمعون ہاشمی کی فیملی سمیت دیگر متاثرہ فیملیز کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے آئی جی اسلام آباد سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعہ کی شفاف تحقیقات کر کے ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دینے کی ہدایت کی ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ چاند رات کو فیملیز اور شہریوں کے ساتھ تشدد اور بدتمیزی کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے، دکانداروں کے ہاتھوں فیملیز اور شہریوں کے ساتھ غنڈا گردی انتہائی افسوسناک ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر خریداری کرنے والے شہریوں اور فیملیز کے ساتھ بد سلوکی کا واقعہ مہذب معاشرے کے منافی ہے، عید کی خریداری کرنے والے پر امن شہریوں اور فیملیز کے ساتھ بد تمیزی اور بہیمانہ تشدد افسوسناک ہے، فیملیز کے ساتھ ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا۔انہوں نے کہا کہ معزز شہریوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، شہریوں کے ساتھ بدتمیزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔راجہ پرویز اشرف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں، شہریوں کے ساتھ بدسلوکی کرنے اور قانون کو ہاتھ میں لینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔