اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اویس قادر شاہ کو سندھ اسمبلی کا اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ اتوار کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اویس قادر شاہ کا بطور سپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہونا ان پر نو منتخب اراکین اور پارٹی قیادت کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اویس قادر شاہ ایک باصلاحیت اور متحرک سیاستدان ہیں اور ایوان کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اویس قادر شاہ کی سربراہی میں سندھ اسمبلی صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ راجہ پرویز اشرف نے نو منتخب سپیکر سندھ اسمبلی کے بطور سپیکر کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔