سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی دتہ خیل شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی اہلکاروں پر خودکش حملے کی مذمت

162

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے دتہ خیل شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی اہلکاروں پر خودکش حملے کی مذمت کی ہے ۔ بدھ کو اپنے الگ الگ مذمتی بیانات میں انہوں نے حملے کے نتیجے میں سکیورٹی اہلکاروں کی قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔

اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے شہداء کے اہلخانہ سے سے تعزیت کا اظہار، اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ قوم سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھے گی۔ دشمن اپنے مذموم مقاصد کے لیے ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہے۔

سیکیورٹی فورسز کے اہلکار دشمن کے ناپاک عزائم سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا بھی کی ۔