لاہور۔22اپریل (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبد اللہ نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماوں نے موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی اور بحری قزاقی جیسے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ ملک محمد احمد خان نے ایتھوپیا کے ساتھ پارلیمانی سطح پر تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور باہمی تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔
پارلیمانی سفارت کاری عالمی چیلنجز کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے انہوں نے کراچی میں ایتھوپین ایئرلائنز کی پروازوں کے آغاز کو سراہتے ہوئے اسے دوطرفہ روابط کے فروغ کی جانب مثبت پیش رفت قرار دیا۔سفیر ایتھوپیا ڈاکٹر جمال بیکر عبد اللہ نے پاکستان کی "لک افریقہ اینڈ انگیج افریقہ” پالیسی کے تحت ایتھوپیا کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کی اسٹریٹجک حیثیت پاکستان کے لیے افریقہ کے دروازے کی مانند ہے۔ملاقات کے دوران ڈاکٹر جمال بیکر عبد اللہ نے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کو ایتھوپیا کے دارالحکومت میں منعقد ہونے والی سنگل کنٹری نمائش میں شرکت کی دعوت دی، جسے سپیکر نے قبول کر لیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586009