
چٹاگانگ ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) تین ملکی ٹی 20 کرکٹ سیریز میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی، فاتح ٹیم نے 139 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، شکیب الحسن نے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلوائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ چٹاگانگ میں کھیلے گئے سیریز کے چھٹے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے، حضرت اللہ زازئی نے 47 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، دیگر بلے بازوں میں رحمان اللہ 29 ، شفیق اللہ 23 اور نجیب اللہ زدران 14 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے عفیف حسین نے دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔