سیاست کمزور دل لوگوں کاکام نہیں، اپوزیشن کبوتروں کی طرح پنجرے میں بند ہو چکی ہے ، ان کی سیاست کے آخری دن ہیں، چوہدری فواد حسین کی وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس

56

اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سیاست کمزور دل لوگوں کاکام نہیں، اپوزیشن کبوتروں کی طرح پنجرے میں بند ہوچکی ہے یہ ان کی سیاست کے آخری دن ہیں، سندھ ہائوس میں جس طرح خچروں اور گھوڑوں کا مینا بازار لگ چکا ہے وہ قابل مذمت ہے، مدرسہ کے بچوں سے لانگ مارچ اور جلسے نہیں ہوتے ، مارچ اور جلسے رضا کارانہ ہوتے ہیں جس طرح کے جلسے عمران خان کرتے ہیں،ن لیگ کے رہنما جاوید لطیف ہارس ٹریڈنگ کا اعتراف کر چکے، الیکشن کمیشن کو( ن) کی نظر لگ چکی ہے اسے صرف پی ٹی آئی دکھائی دیتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹیریٹ میں پریڈ چوک کے جلسہ میں مشاورت کے لئے بلائے گئے اہم ترین اجلاس کے بعد وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے اسلامو فوبیا کے عالمی دن کے حوالے سے قرارداد پاکستان اور وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں کا نتیجہ ہے جس پر امت مسلمہ اور پاکستانی مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی چوک میں جلسی کے اعلان کے بعد سے اپوزیشن کی صفوں میں گھبراہٹ شروع ہو گئی ہے ، گزشتہ روز سارے پروگرام اس پر ہو گئے کہ یہ کیوں کہہ دیا کہ 10 لاکھ لوگوں کے مجمع سے گزر کر جانا اور پھر آنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتنی کمزور دل تھی تو یہ کام ہی نہ کرتی، سیاست کمزور دل لوگوں کا کام نہیں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ سندھ ہائوس میں جو خچروں اور گھوڑوں کا مینا بازار لگا ہے اور خریداری کے لئے بیگ بھر بھر کر لائے گئے ہیں یہ قابل مذمت ہے، انشاء اللہ اس خرید و فروخت کا تدارک بھی کریں گے اور کارروائی بھی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی سننے کو آیا ہے کہ خچروں اور گھوڑوں کے ساتھ حفاظت کے لئے لوگ بھی لائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو کہنا چاہتے ہیں کہ جاوید لطیف نے گزشتہ روز اعتراف کر لیا ہے کہ ہم ہارس ٹریڈنگ کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ لگتا ہے الیکشن کمیشن کو ن لیگ کی نظر لگ گئی ہے انکو ن لیگ نظر ہی نہیں آتی اور ہر طرف تحریک انصاف ہی دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں اور جو ہمارے اتحادی ہیں ان پر ہماری امیدیں ہیں۔

چوہدری فواد حسین نے پریس کانفرنس کے دوران کبوتروں کے پنجرے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اور ان کبوتروں میں مشابہت ہے جو کبوتروں کی طرح بند ہوچکے ہیں ، اپوزیشن کی سیاست کے آخری دن ہیں ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ مرد بنیں اور عمران خان کی طرح کوئی ایک بڑا جلسہ ہی کرکے دکھادیں ، مدرسہ کے بچوں سے لانگ مارچ اور جلسے نہیں ہوتے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد خارجہ پالیسی کی بدولت پاکستان کو شناخت ملی ہے انشاء اللہ اسے برقرار رکھیں گے اور پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے۔