سید علی گیلانی کا مشن ہر حال میں جاری رہے گا، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کاسید علی گیلانی کی وفات پر اظہار تعزیت

71

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):آزاد جموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نےحریت کانفرنس کے بزرگ رہنما سید علی گیلانی کی وفات پر گہرے دکھ و ملال کا اظہار کیا ہے،

انھوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی وفات کا سن کر دل رنجیدہ اور آنکھیں اشکبار ہیں،ان کی وفات تحریک آزادی کشمیر کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔جمعرات کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا اب صدیوں میں پورا نہیں ہو سکے گا ،

ان کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے خدمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں ۔صدر نے کہا کہ سید علی گیلانی ساری زندگی بھارتی ظلم و جبر کے آگے چٹان کی طرح ڈٹے رہے اور زمانے کی صعوبتیں انہیں اپنے مقصد کی راہ سے ہٹا نہ سکیں ۔ان کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی جرات وبہادری اور شجاعت کی تابندہ مثال ہیں ۔

انہوں نے قید و بند کی ہر مصیبت کو گلے لگایا مگر آزادی کی شمع کو کبھی بجھنے نہ دیا ۔صدرنے کہا کہ سید علی گیلانی کشمیری قوم کے حقیقی ہیرو تھے اور پوری کشمیری قوم کو اپنے اس رہنما پر ناز ہے

، سید علی گیلانی دنیا سے رخصت ہو گئے مگر ان کی یادیں ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی اور ہم ان کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کا مشن ہر حال میں جاری رہے گا۔