سید علی گیلانی کشمیر کی جدوجہد آزادی میں بھارتی وحشیانہ جبر کے خلاف سیسی پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑےرہے، اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم

73
افغانستان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی میں کمی یا رکاوٹ اخلاقی طور پر غلط اور سیاسی طور پر نقصان دہ ہوگی، سفیر منیر اکرم

اقوام متحدہ۔2ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے جموں و کشمیر کی آزادی اور خودمختاری کی جدوجہد کے علمبردار و حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ جموں و کشمیر کی آزادی اور خودمختاری کے حصول کی جدوجہد نئے جوش اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔

انہوں نے گزشتہ روز اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ حریت رہنما سید علی گیلانی کشمیر کی آزادی اور خودمختاری کی جدوجہد کے لیے اپنی مثال آپ تھے ، ان کی موت ناقابل تلافی نقصان ہے جس پر میں اور اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن جموں و کشمیر اور پاکستانی عوام کے ساتھ اس غم میں برابر کےشریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دعائیں حریت رہنما کے خاندان کے ساتھ ہیں۔

انہوں نےآل پارٹیز حریت کانفرنس اور کشمیری عوام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی کشمیر کی جدوجہد آزادی میں بھارت کے وحشیانہ جبر کے خلاف ایک مضبوط چٹان کی مانند اور سیسی پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑےرہے اور کشمیریوں کے حق خوارادیت کے لیے مسلسل لڑتے رہے۔انہوں نے کہا کہ ان کا اصولی اور اخلاقی موقف جموں و کشمیر کے غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف واضح رہا ۔

پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا کہ حریت رہنما سید علی گیلانی پاکستان کے وجود اور تحفظ کا دفاع مضبوط کرنے والوں میں سے ایک تھے اور ان کا ماننا تھا کہ جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور آزادی کے لیے پرعزم جدوجہد سے بالآخر کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔

جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا کی طرح سید علی گیلانی بھی قیدوبند میں رہے لیکن وہ ہمیشہ پرعزم رہے اور کبھی ہار نہیں مانی یہاں تک کہ ان پر بھارتی غیرقانونی زیرتسلط افواج کی طرف سے ان پر تشدد، غیرانسانی اور ذلت آمیز سلوک بھی کشمیری عوام کی آزادی کے لیے جدوجہد اور عزم کو کمزور نہیں کر سکا۔

پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے سید علی گیلانی کی کشمیر کی جدوجہد آزادی کے لیے جرات مندانہ قیادت اور ان کی پاکستان سے محبت کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان میں سوگ منانےکا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ کشمیر اور پاکستان کے عوام سید علی گیلانی سے متاثر ہو کر ایک نئے جوش اور عزم کے ساتھ جموں و کشمیر کی آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔