سیف سٹی پراجیکٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا، نگراں وزیرداخلہ

132

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیر داخلہ اور جیل خانہ جات بریگیڈیئر (ر)حارث نواز نے کہا ہے کہ سیف سٹی پراجیکٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا اور مجرمانہ سرگرمیوں کو روکے گا۔منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے یہاں اپنے دفتر میں کراچی سیف سٹی پراجیکٹ کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں سیکریٹری داخلہ سندھ محمد اقبال میمن ،آئی جی پی سندھ رفعت مختار، ڈی آئی جی پی اسپیشل برانچ آصف اعجاز شیخ، ڈائریکٹر آئی ٹی سی پی او تبسم عابدنے شرکت کی جبکہ این آر ٹی سی کے 10رکنی وفد کی قیادت کموڈور (ر)راحیل کر رہے تھے۔

اجلاس کے شرکا ء کو بتایا گیا کہ "کراچی سیف سٹی پراجیکٹ” اس کی ڈیجیٹل نگرانی کے لیے شہر میں جدید ترین کلوز سرکٹ ٹیلی ویژن کیمروں کے نیٹ ورک کی تنصیب کے تصور کو ممکن بنانا ہے۔ اس منصوبے میں امن و امان کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اور مناسب ردعمل کے لیے شہر میں قانون نافذ کرنے والے اور ہنگامی خدمات کے تمام ادارے شامل ہیں۔

این آر ٹی سی (نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن)نے میٹنگ کو بتایا کہ پروجیکٹ کے تحت 36-42ماہ کے عرصے میں مختلف مراحل میں شہر بھر میں شناخت شدہ مقامات پر جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ساتھ 10,000 نئے کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ سی سی ٹی وی سسٹم میں جدید کیمرے ہوں گے اور نیٹ ورک میں دوہری سولر اور برقی پاور سسٹم ہوگا۔