اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد و بحالی ہمارا قومی مشن ہے، ملک بھر کے 15 لاکھ سیلاب متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر 25 ہزار نقد امداد کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے فلڈ ریلیف کیش پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے، ملک بھر کے 15 لاکھ سیلاب متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر 25 ہزار کیش امداد کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تباہی کی شدت کو سامنے رکھتے ہوئے امدادی رقوم کی تقسیم کا آغاز بلوچستان کے سیلاب متاثرین سے کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فلڈ ریلیف کیش پروگرام کے تحت 37.2 ارب روپے 90 لاکھ افراد تک فوری طور پر پہنچائے جارہے ہیں، یہ امدادی رقم مشترکہ سروے کے بعد جانی و مالی نقصان کی مد میں دی جانے والی رقم کے علاوہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد و بحالی ہمارا قومی مشن ہے۔