سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے خود غرضی کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا، سردار اویس احمد خان لغاری

109
سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے خود غرضی کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا، سردار اویس احمد خان لغاری

لاہور۔3ستمبر (اے پی پی):مسلم لیگ( ن) کے رہنماء سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے خود غرضی کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا،سیلاب سے کروڑوں عوام متاثر ہوئے ہیں،تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا ہونے کی ضرورت ہے،عمران خان کی” میں” کی سیاست کب ختم ہوگی،قوم پچھلے 4سال کے غلط فیصلوں کا خمیازہ بھگت رہی ہے،ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے مشکل فیصلے کئے،سیلاب سے جنوبی پنجاب کابہت بڑا حصہ شدید متاثر ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اویس لغاری نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ملک کو فوڈ سکیورٹی کا سامنا اور سندھ کے گوداموں سے گندم کا سٹاک ختم ہوگیاہے، اب وہاں کی عوام کو پنجاب کے گوداموں سے گندم دینا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے لاکھوں گھر متاثراور جنوبی پنجاب کے دو اضلاع مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں،ان علاقوں کی بحالی کیلئے خود غرضی کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا اور پنجاب کی تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹے ہونے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن)کے سابق دور حکومت میں محمد شہاز شریف نے اربوں روپے کی لاگت سے رودکوہیوں کے پانی کو دریا تک پہنچانے کیلئے منصوبے پر کام کیا جس سے اس سال ساڑھے تین لاکھ ایکڑ رقبہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے محفوظ رہا ہے، اگر ان منصوبوں پر کام جاری رہتا تو اس مرتبہ نقصان آدھے سے بھی کم ہوتا، ڈی جی خان اور راجن پور میں طیب ڈرین اور بخاری ڈرین بن جاتیں تو ان دونوں اضلاع میں اتنا زیادہ نقصان نہ ہوتا،اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان کے ہرشہری کیلئے ملک کی معیشت اولین ترجیح ہونی چاہئے ،وفاقی حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے مشکل فیصلے کئے ہیں،اپوزیشن کو ملک کی خوشحالی اور ترقی کیلئے سیاست سے بالا تر ہوکر سوچنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی بجائے اگر چھوٹے چھوٹے ڈیم بن جاتے توسیلاب سے ملک میں اتنا زیادہ نقصا ن نہ ہوتا۔سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ ہمارے سویلین کروڑوں روپے کا سامان جنوبی پنجاب بھیج رہے ہیںمگر وہ سامان مستحق لوگوں تک پہنچانے میں صوبائی حکومت ناکام نظر آرہی ہے،صوبائی حکومت کدھر ہے،پنجاب میں صوبائی حکومت کہیں نظر نہیں آرہی ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ایم پی ایز پر غیر ضروری مقدمات بنائے جارہے ہیں جبکہ اس وقت ہمیں ملک کا سوچنا چاہئے ۔سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ عمران خان کو ”میں ”والی سیاست کو ختم کرنا ہوگا،جلسوں کی سیاست کرنے والوں کوہوش کے ناخن لینے چاہئں اور سیاست سے بالا تر ہوکر سیلاب متاثرین کیلئے سوچنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ آپ اپنا فوکس چینج کریں، آپ آئی سی یو میں پڑے ہوئے ہیں، سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے خود غرضی کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا۔سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ عمران خان نے آ ئی ایم ایف سے معاہدے کو ختم کر وانے کیلئے بھر پور کوشش کی جس میں وہ بری طرح ناکام ہو ئے۔