لاہور۔16اپریل (اے پی پی):سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید کی زیرِ صدارت الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کیلئے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ ممبر کالونیز ڈی سی لاہور اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ابتدائی مرحلے میں 1100الیکٹرک گاڑیوں کیلئے لاہور کے مختلف علاقوں میں چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے جبکہ شہر میں چھوٹے اور بڑے پیمانے پر چارجنگ مراکز بنائے جائیں گے۔
ایس ایم بی آر نبیل جاوید نے لاہور انتظامیہ کو الیکٹرک اسٹیشنز کیلئے پوائنٹس کی نشاندہی کی ہدایات جاری کیں،بڑے پارکنگ پوائنٹس پر الیکٹرک اسٹیشنز قائم کرنے کے لیے سروے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ پارکنگ اسٹیشنز کو بھی پروجیکٹ میں شامل کرنے کا لائحہ عمل طے کیا جائے، الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کو اراضی ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائے گی۔
ایس ایم بی نبیل جاوید نے سیکرٹری کالونیز کو لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی اور دیگر متعلقہ اداروں سے مل کر لائحہ عمل بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ ایس ایم بی آر نے مزید کہا کہ الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کا منصوبہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582986