اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی): سینٹر ل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز نے جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران اسلامی مالیات کے تحت 20 ارب روپے کی بچتیں حاصل کیں۔
سی ڈی این ایس کے ترجمان نے ’’اے پی پی‘‘کو بتایا کہ جاری مالی سال کےلئے اسلامی مالیات کے تحت 75ارب روپے کی بچتیں حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 20ارب روپے کی بچتیں حاصل کی گئیں۔
انہوں نے کہاکہ سی ڈی این ایس کے تحت ملک میں اسلامی مالیات کے فروغ کےلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ گزشتہ مالی سال کے دوران سی ڈی این ایس نے اسلامی مالیات متعارف کرائیں اور پہلے سال کےلئے 60ارب روپے کی بچتیں حاصل کرنے کا ہدف مقررکیا ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر اسلامی مالیات کو فروغ حاصل ہورہا ہے، کئی اسلامی ممالک میں اسلامی مالیات کا اجراء کیا جاچکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسلامی مالیات کو متعارف کرانے کےلئے اصلاحات لائی گئی ہیں ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ صارفین کی سہولت کےلئے سی ڈی این ایس نے اے ٹی ایم کی سہولت بھی فراہم کی ہے ۔