لاہور۔1جنوری (اے پی پی):سینٹ جونز چرچ کی پچاس سالہ تقریبات کا افتتاح پاکستان میں مذہبی رواداری کی عظیم مثال ہے ، مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کا مقصد عقائد کی تبدیلی نہیں ، پاکستان میں مختلف مذاہب اور مسالک کے لوگ رہتے ہیں ، اپنے مذہب و مسلک کو دوسروں پر جبری طور پر مسلط نہ کرنے کا نام مذہبی رواداری ہے ، اسلام جبر کا نہیں محبت کا قائل ہے ،
پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہر سطح پر کیا جا رہا ہے ، دنیا پاکستان کی بجائے ہندوستان میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم پر ایکشن لے ۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سینٹ جونز چرچ کی پچاس سالہ تقریبات کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر پادری ایمانوایل کھوکھر ، سہیل رضا ، پادری سلیم، مولانا اسلم صدیقی ، مولانا عبد القیوم فاروقی بھی موجود تھے ۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ تمام مذاہب و مسالک کے لوگوں کی مشترکہ جدوجہد سے پاکستان وجود میں آیا،اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے قیام کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے، اسلام نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے جو احکامات دئیے ہیں وہ واضح اور روشن ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کا ہر سطح پر تحفظ کیا جا رہا ہے ، عالمی دنیا پاکستان کی بجائے ہندوستان میں ہونے والے مظالم کی فکر کرے ۔