اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):سینٹ میں تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین نے سینیٹر تاج حیدر مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی پارلیمانی، سیاسی اور سماجی خدمات کو سراہا ہے۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ سینیٹر تاج حیدر مدلل انداز میں اپنا سیاسی موقف پیش کرتے تھے، ان کا طرز سیاست اور اخلاقی اقدار ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ سینیٹر تاج حیدر کا ایک سال قبل جگر کے کینسر میں مبتلا ہونے کا پتہ چلا، ان کے علاج معالجہ کیلئے بھرپور کوشش کی، ان کے انتقال پر دلی دکھ ہوا ہے، ان کیلئے دعاگو ہوں کہ اﷲ تعالیٰ جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ سینیٹر تاج حیدر سے دیرینہ قریبی تعلق تھا، انہوں نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام اور فروغ کیلئے دن رات کام کیا۔ عون عباس بپی نے کہا کہ سینیٹر تاج حیدر بے مثال شخصیت تھے، مختلف نظریات ہونے کے باوجود ان سے اچھا تعلق رہا، ان کی اپنی جماعت سے وابستگی اٹل تھی۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ سینیٹر تاج حیدر اور پروفیسر خورشید کے انتقال پر گہرا دکھ ہوا۔ سینیٹرز قراة العین مری، رمیش کمار، عبدالقادر، راجہ ناصر عباس، ایمل ولی خان، خالدہ عطیب،
روبینہ قائم خانی، نسیمہ احسان، خلیل طاہر سندھو، سیف اﷲ ابڑو، ندیم احمد بھٹو، سرمد علی، عامر ولی عظیم چشتی، حسنہ بانو، جام سیف اﷲ خان، رانا محمود الحسن، ڈاکٹر افنان اﷲ خان اور فلک ناز نے بھی سینیٹر تاج حیدر کی پارلیمانی، سیاسی، جمہوری اور سماجی خدمات کو سراہا اور ان کیلئے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582353