اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت جمعہ کو یہاں کھاد کی قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ نائب وزیر اعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے علاوہ پٹرولیم اور صنعت و تجارت کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں گیس کمپنیوں کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔
کمیٹی نے کھاد کی قیمتوں، سٹاک اور مارکیٹ میں ان کی دستیابی کا جائزہ لیا اور مشاہدہ کیا کہ کھاد کا کافی ذخیرہ دستیاب ہے اور اس کی قیمتیں مستحکم ہیں۔ کمیٹی نے کھاد کی صنعت کے لیے گیس کی دستیابی کا جائزہ لیا اور اسے تسلی بخش قرار دیا۔ نائب وزیر اعظم نے ربی کی فصل کے موسم کے دوران کھاد کی صنعت کو بلاتعطل گیس کی فراہمی اور کھاد کی مستحکم پیداوار اور ذخیرہ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔