سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال (منگل کو) ہوگی

116
Senate elections
Senate elections

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):سینیٹ میں 48 خالی نشستوں پر انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کل(منگل 19 مارچ کو) ہو گی۔انتخابی شیڈول کے مطابق، ان نشستوں کے لیے امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 26 مارچ کو منظر عام پر لائی جائے گی۔ امیدواروں کے پاس اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے لیے 27 مارچ تک کا وقت ہوگا۔

وفاقی دارالحکومت میں ارکان قومی اسمبلی سینیٹ کے ارکان کے انتخاب کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں ایک جنرل نشست اور ایک ٹیکنوکریٹس بشمول علمائے کرام شامل ہیں۔اس دوران چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان سینیٹ کی تشکیل کے تعین میں اہم کردار ادا کریں گے۔

وہ ہر صوبے سے سات جنرل نشستوں، دو خواتین کی نشستوں اور ٹیکنوکریٹس بشمول علمائے کرام کے لیے دو نشستوں کے لیے سینیٹرز کا انتخاب کریں گے۔ مزید برآں پنجاب اور سندھ دونوں صوبوں سے اقلیتوں کے لیے بھی ایک ایک نشست پر انتخاب ہو گا۔