سینیٹ کے 48 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

68
سینیٹ کے 48 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا
سینیٹ کے 48 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):سینیٹ کے 48 نومنتخب ارکان نے جمعہ کو حلف اٹھا لیا۔ ایوان بالا کے خصوصی اجلاس کے لئے صدر مملکت کی طرف سے نامزد پریزائیڈنگ آفیسر سید مظفر حسین شاہ نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا اور انہیں ایوان بالا کا رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

بعد ازاں تمام نومنتخب ارکان نے فرداً فرداً رول آف ممبرز پر دستخط کئے۔ حلف اٹھانے والوں میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سید یوسف رضا گیلانی اور پاکستان تحریک انصاف کی فوزیہ ارشد، پنجاب سے مسلم لیگ (ق) کے کامل علی آغا، پی ٹی آئی کے سیف اﷲسرور خان نیازی، عون عباس، اعجاز احمد چوہدری، سید علی ظفر، زرقا سہروردی تیمور، مسلم لیگ (ن) کے افنان اﷲ خان، ساجد میر، عرفان الحق صدیقی، اعظم نذیر تارڑ اور سعدیہ عباسی شامل ہیں۔ سندھ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سلیم مانڈوی والا، شہر بانو شیری رحمان، تاج حیدر، شہادت اعوان، جام مہتاب حسین ڈہر، فاروق حامد نائیک، پلوشہ محمد زئی خان، پی ٹی آئی کے محمد فیصل واوڈا، سیف اﷲ ابڑو، ایم کیو ایم پاکستان کے سید فیصل علی سبزواری اور خالدہ اطیب، خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی کے محسن عزیز، سید شبلی فراز، لیاقت خان ترکئی، فیصل سلیم رحمان، ذیشان خانزادہ، دوست محمد خان، محمد ہمایوں مہمند، ثانیہ نشتر، فلک ناز، گردیپ سنگھ، عوامی نیشنل پارٹی کے ہدایت اﷲ خان اور جے یو آئی (ف) کے عطا الرحمان نے حلف اٹھایا۔ بلوچستان سے بلوچستان عوامی پارٹی کے پرنس احمد عمر احمد زئی، منظور احمد، سرفرا ز احمد بگٹی، سعید احمد ہاشمی، ثمینہ ممتاز، دنیش کمار، بلوچستان نیشنل پارٹی کے محمد قاسم، اے این پی کے عمر فاروق، جے یو آئی (ف)کے مولانا عبدالغفور حیدری، کامران مرتضی اور آزاد امیدوار محمد عبدالقادر اور نسیمہ احسان حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔

یہ اراکین 6سال کے لئے سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔ ایوان بالا کے 52 اراکین جمعرات کو اپنی 6 سالہ آئینی مدت پوری کرنے کے بعد سبکدوش ہوگئے ، ان میں سے وزیر اطلاعات شبلی فراز سمیت 12 اراکین دوبارہ ایوان بالا کے رکن منتخب ہو ئے ہیں۔