34.3 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومضلعی خبریںسیکرٹری اوقاف کا جڑانوالہ میں گرجا گھروں اورعیسیٰ نگری سمیت متاثرہ آبادیوں...

سیکرٹری اوقاف کا جڑانوالہ میں گرجا گھروں اورعیسیٰ نگری سمیت متاثرہ آبادیوں کادورہ، مسیحی بھائیوں سے اظہار یکجہتی

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 21 اگست (اے پی پی):سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے جڑانوالہ میں گرجا گھروں اورعیسیٰ نگری سمیت متاثرہ آبادیوں کادورہ کرتے ہوئے پرتشدد واقعات کی شدید مذمت اورمسیحی بھائیوں سے یکجہتی کااظہارکیا۔انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے حکومت مستعد،سانحہ جڑانوالہ ایک سوچی سمجھی سازش،پس پردہ محرکات ضرور بے نقاب ہوں گے۔

صوبائی سطح پر بین المذاہب یگانگت کے فروغ،باہمی رواداری کی ترویج اورانتہا پسندی کے تدارک اور مستقل پالیسی کی تشکیل کے لئے خصوصی اقدام زیر عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر مستقل بنیادوں پر انٹر فیتھ ہارمنی کونسل کو فعال کیا جائے گا۔بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کو جمعتہ المبارک کے خطبات میں بطور خاص موضوع بنایا جائے گا۔بین المذاہب مکالمے کو فروغ دیا جائے گا۔ مساجد،مدارس میں کانفرنسز،سیمینارز اور سمپوزیئم منعقد ہوں گے۔مذاہب کی عبادت گاہوں میں مذہبی قائدین مشترکہ دورے کریں گے۔

- Advertisement -

مذاہب کے مذہبی تہواروں کے موقع پر خیر سگالی کا اہتمام ہوگا۔صوبائی سطح پر ” سنٹر آف ایکسیلنس برائے ریلی جیئس ہارمنی”تشکیل دیا جائے گاجس میں بین المذاہب مکالمہ اور بین المذاہب ہم آہنگی کی ترویج، تدریس،تحقیق اور مستقل تقریبات کا اہتمام ہوگا۔صوفیاء کے اسلوب زیست اور تصوف و روحانیت کے ابلاغ کے بغیر تشدد و نفرت کا خاتمہ اور رواداری اور انسانی دوستی کا فروغ ممکن نہیں۔

اس کے لیے ”اپلائیڈ سپر چوئیلٹی ” جیسے موضوعات کو شامل نصاب تدریس کیاجائے گا۔دریں اثناء سیکرٹری اوقاف نے انتظامیہ کی طرف سے قائم کردہ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انتظامیہ کی جانب سے موجودہ صورتحال،انتظام و انصرام اورمتاثرہ خاندانوں کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رانا اورنگ زیب،ایڈ منسٹریٹر اوقاف گلاب ارشاد،منیجر اوقاف فیصل آباد شہباز حسین سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

مزید براں سیکرٹری اوقاف نے دورہ جڑانوالہ کے موقع پر دربار حضرت جھلے شاہ ؒ اور اور دیگر وقف پراپرٹیز کا معائنہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ محکمہ اوقاف کی آمدن کے حصول کے لئے مثبت اقدام اٹھا دیئے جس میں محکمہ کے تمام جملہ امور کے لئے طویل المدت اور مختصر المدت پلاننگ بالخصوص پیش آمدہ مالی سال میں بقایاجات کی وصولی اور ان کی سہ ماہی و ششماہی پلاننگ،مارکیٹ ریٹ کے مطابق رینٹ کو تمام یونٹس پر لاگو کرانا،عدالتی مقدمات پر جلد از جلد فیصلہ سازی،سہ ماہی و ششماہی آمدن اہداف پورے کرنا،محکمہ اوقاف کے مزارت و مساجد سے ملحقہ وقف رقبہ پر کمرشل سکیمزکی تیاری،افسران کی فیلڈمیں موجودگی، افسران /ملازمین اوقاف کی استعداد کا ر میں اضافہ کیلئے ورکشاپس کا انعقاد،اوقاف ملازمین کی ٹیکنیکل ہنر مندی کیلئے ٹیوٹا سے اشتراک و دیگر امور شامل ہیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=381277

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں