سیکرٹری ایوی ایشن کے ساتھ مل کر ائیرپورٹ کو نئے طرز پر چلانے کیلئے کام شروع کر دیا گیا ہے ،سربراہ اسٹریٹجک ریفارمزسلمان صوفی

270

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایات پر سربراہ اسٹریٹجک ریفارمزسلمان صوفی نے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی سہولیات کی بہتری کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ سیکرٹری ایوی ایشن کے ساتھ مل کر ائیرپورٹ کو نئے طرز پر چلانے کیلئے کام شروع کر دیا گیا ہے تاکہ وزیراعظم شہبازشریف کے ویژن کے مطابق مسافروں کو بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایات پر پرائم منسٹر اسٹریٹجک ریفارمز کے سربراہ سلمان صوفی نے رات گئے لاہور ایئرپورٹ کا دورہ کیا تاکہ مسافروں کے ذاتی سامان کی ضبطی کی شکایات اور مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کسٹمز کو ہدایت کی کہ وہ سامان کی وصولی سے لے کر معائنہ تک ایک منظم طریقہ کار کے ذریعے مسافروں کے تجربے کو بہتر بنائیں اور مسافروں کے ساتھ لائے گئے کسی بھی ذاتی تحائف اور کھانے کو ضبط نہ کریں۔

انہوں نے سول ایوی ایشن اٹھارٹی کو مزید کہا کہ فوری طور پر مسافروں ،ماں بچوں کے سٹرولرز فراہم کئے جائیں اور معذور مسافروں کے لیے خصوصی کمرے تیار کیے جائیں جہاں پرواز میں تاخیر ہونے پر وہ آرام کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے اور بہتر ائیر پورٹ آپریشن ریفارمز کا جلد اعلان کیا جا رہا ہے۔ سلمان صوفی نے پورٹرز کی تعداد بڑھانے پر بھی ہدایات جاری کیں۔

سلمان صوفی نے اس موقع پر کہا کہ سیکرٹری ایوی ایشن کے ساتھ مل کر ائیرپورٹ کو نئے طرز پر چلانے کیلئے کام شروع کر دیا گیا ہے تاکہ وزیراعظم شہبازشریف کے ویژن کے مطابق مسافروں کو بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں۔