سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے چین کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان کی ملاقات، اور باہمی دلچسپی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

56
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے "عوام کے حق خود ارادیت کے عالمی حصول"سے متعلق پاکستان کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی

اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے چین کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان یو ڑیائو ونگ نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں افغانستان کی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال، پاکستان اور چین کی جانب سے افغانستان کو انسانی امداد اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان پرامن، مستحکم، خوشحال اور منسلک افغانستان کے لئے پر عزم ہے۔

انہوں نے 22 جون کو مشرقی افغانستان میں تباہ کن زلزلے کے بعد پاکستان کی امدادی کوششوں سمیت افغانستان کو انسانی امداد کی فراہمی کا بھی ذکر کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے افغانستان کے غیر ملکی ذخائر کو بحال کرنے اور افغان عوام کی معاشی مشکلات کو کم کرنے اور ایک پائیدار معیشت کی تعمیر میں مدد کے لئے بینکنگ آپریشنز میں سہولت فراہم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم سمیت تمام افغانوں کے حقوق کا احترام اور مؤ ثر انسداد دہشت گردی کے اقدامات کے لئے افغانستان کو بین الاقوامی برادری کی توقعات پر پورا اترنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

دونوں اطراف نے علاقائی روابط کے تناظر میں اقتصادی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لئے سی پیک کی افغانستان تک توسیع پر تبادلہ خیال کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کی توجہ کہیں اور رونما ہونے والے واقعات کی وجہ سے افغانستان کی سنگین صورتحال سے نہیں ہٹانی چاہیے۔

سیکرٹری خارجہ نے عبوری افغان حکام کے ساتھ مسلسل تعمیری بات چیت اور عملی تعاون پر زور دیتے ہوئے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے میں ٹرائیکا پلس اور افغانستان کے چھ پڑوسی ممالک جیسے پلیٹ فارمز کے مرکزی کردار پر روشنی ڈالی۔ خصوصی ایلچی یو ڑیائو ونگ نے افغانستان کے تناظر میں پاکستان کے اہم اور تعمیری کردار کو سراہا۔

دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صرف ایک پرامن، مستحکم اور جڑا ہوا افغانستان ہی علاقائی تجارت اور روابط بڑھانے کے لئے بنیادی کردار ادا کرسکتا ہے۔ قبل ازیں چینی خصوصی ایلچی نے اپنے پاکستانی ہم منصب وزیراعظم کے معاون خصوصی سابق سفیر محمد صادق سے ملاقات کی۔ فریقین نے بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا اور انسانی امداد، بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ساتھ ساتھ تجارت اور ٹرانزٹ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔