لاہور۔24ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ فیلڈ افسران و عملہ کپاس کی مینجمنٹ کا فالواپ سلسلہ جاری رکھیں تاکہ آخری حد تک فصل کو پیداوار کی طرف لایا جاسکے، کپاس کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کوفوری طور پر آن بورڈ لیا جائے گاتاکہ کم ازکم امدادی قیمت کو یقینی بنایا جائے۔یہ بات انہوں نے سول سیکرٹریٹ بہاولپورمیں کپاس کے پیداواری ہدف کے حصول کیلئے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہی۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس پنجاب شبیر احمد خان،کمشنر بہاولپور ڈاکٹر احتشام انور،ڈپٹی کمشنرز ظہیر انور جپہ،شکیل احمد بھٹی، ذوالفقار علی بھون،کنسلٹنٹ زراعت توسیع ڈاکٹر محمد انجم علی چئیرمین پی سی جی اے وحید ارشدسمیت دیگر شریک ہوئے۔
سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ جننگ فیکٹریوں کی ڈاکومینٹیشن مکمل کی جائے، زراعت توسیع کا عملہ وافسران انڈر انوائسنگ کرنے والی جننگ فیکٹریوں کی نشاندہی کریں تاکہ ان کیخلاف بروقت ایکشن لیا جاسکے کیونکہ جو روئی ریکارڈ میں نہ آئی وہ کسی بھی سطح پر اعداوشمار میں شامل نہیں ہوگی۔
اس موقع پر بریفنگ کے دوران سیکرٹری زراعت کو بتایا گیا کہ بہاولپور ڈویژن میں 21لاکھ 32 ہزار ایکڑ رقبہ پر کاشتہ کپاس سے 35لاکھ گانٹھ روئی حاصل ہونے کی توقع ہے، بہاولپورمیں زیادہ تر کپاس کی فصل چنائی کے قابل ہوچکی ہے، 15اکتوبر تک 55فیصد کپاس کی فصل کی چنائی مکمل ہو جائے گی، کاشتکاروں کوکپاس کی فصل کو10اکتوبر تک آبپاشی جاری رکھنے کی سفارش کی جارہی ہے۔