لاہور۔24اگست (اے پی پی):ادارہ برائے خوراک و زراعت کی ڈیزیز سرویلنس ٹیم نے جمعرات کے روز محکمہ لائیوسٹاک کا دورہ کیا۔سیکرٹری لائیوسٹاک محمد مسعود انور کی زیر صدارت ڈیزیز سرویلنس بارے اہم اجلاس منعقد ہوا، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر آصف سلیمان ساہی نے موجودہ ڈیزیز رپورٹنگ سسٹم بارے بریفنگ دی ۔سیکرٹری لائیو سٹاک محمد مسعود انور نے کہا کہ بیماریوں کی سرویلنس کے حوالے سے اے ڈی آر ایس انفو ایپ اور 9211 سسٹم کا اجرا مؤثر سروس ڈلیوری کی طرف ایک اہم قدم ہے اورمحکمہ کے سرویلنس نظام کا دائرہ کار تحصیل لیول تک پھیلا ہوا ہے۔
سیکرٹری لائیوسٹاک نے مزید کہا کہ جانوروں کی شناخت اور ٹریس ایبلیٹی سسٹم جانوروں میں بیماریوں کی نشاندہی کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت ثابت ہو گا نیز تشخیصی لیبارٹریز اس سرویلنس نظام کے ذریعے بیماریوں کے خلاف تیز ترین رد عمل کر سکتی ہیں۔سیکرٹری لائیوسٹاک نے کہا کہ بیماریوں کی روک تھام بارے جامع سطح پر فعال حکمت عملی کی ضرورت ہے اور ڈیزیز رپورٹنگ اور سرویلنس کے ساتھ ساتھ بیماریوں کے الرٹ کے حوالے سے ایف اے او کی مشترکہ کاوشیں درکار ہیں۔
ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل آصف سلیمان ساہی کا کہنا تھا کہ اس سسٹم کے ذریعے جغرافیائی لحاظ سے بیماریوں کے پھیلاؤ بارے آگاہی درکار ہے، ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) کے ریجنل سرویلنس کواارڈینیٹر ڈاکٹر گئیل لیمیلی نے کہا کہ بیماریوں کی روک تھام کے لیے ادارہ برائے خوراک و زراعت اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=382320