23.8 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںسیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب میاں شکیل احمد کا کمشنر راولپنڈی ڈویژن کے...

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب میاں شکیل احمد کا کمشنر راولپنڈی ڈویژن کے ہمراہ ترقیاتی سکیموں کا جائزہ

- Advertisement -

راولپنڈی۔ 14 اپریل (اے پی پی):سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب میاں شکیل احمد نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کے ہمراہ کمشنر آفس راولپنڈی میں ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا۔ پیر کو اس حوالہ سے منعقدہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ،ایم ڈی واسا سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پرایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف نے واٹر سپلائی کے میگا پراجیکٹ ڈریمز پر بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ چار حصوں پر مشتمل ڈریمز پراجیکٹ واٹر سپلائی سے شہری اور مضافاتی علاقوں میں پینے کے پانی کی کمی پوری ہوگی، منصوبے کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے 35 ارب روپے کے فنڈز جاری کئے ہیں، اس پراجیکٹ کے تحت راول ڈیم، خان پور ڈیم اور چہان ڈیم سے مجموعی طور پر اڑھائی کروڑ گیلن اضافی پانی دستیاب ہوگا، پانی کی ترسیل کیلئے لائنیں اور گراؤنڈ اسٹوریج ٹینکس تعمیر کئے جا رہے ہیں

نیز راول ڈیم سے فلٹریشن پلانٹ کی اپگریڈیشن کا کام بھی جاری ہے، اسکے علاوہ چہان ڈیم منصوبے پر کام میں 7.5 فیصد جبکہ راول ڈیم سے اضافی پانی کے منصوبے پر 6.6 فیصد پراگریس ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ ڈریمز پراجیکٹ کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے کام کے معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ واٹر سپلائی ڈریمز منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔ کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ واٹر سپلائی ڈریمز پراجیکٹ شہر کیلئے اہمیت کا حامل ہے، اس میں سولر منصوبہ بھی شامل ہے جس سے واسا پر بجلی کے بلوں کا بوجھ کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں پانی کے بڑھتے بحران پر قابو پانے کے لئے خان پور ڈیم سے 80 لاکھ گیلن یومیہ اضافی پانی کی ترسیل ممکن بنائی جائے گی۔

- Advertisement -

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581952

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں