اسلام آباد ۔ 5 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان نے روس کو کاسا 1000 منصوبے میں شمولیت کی دعوت دی ہے، دونوں ملکوں نے 600 میگاواٹ جامشورو گیس پاور پلانٹ اپ گریڈیشن منصوبے پر مذاکرات شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ یہ بات روس کے نائب وزیر توانائی یوری سنٹورین اور سیکرٹری پانی و بجلی محمد یونس ڈھاگہ کے درمیان ملاقات کے دوران کہی گئی۔ سیکرٹری پانی و بجلی نے اس موقع پر کاسا 1000 منصوبے کی اہمیت کواجاگر کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس منصوبے میں روس کی شمولیت سے علاقائی روابط کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔ یونس ڈھاگہ نے کہا کہ جامشورو گیس پاور پلانٹ کی اپ گریڈیشن سے ٹربائن کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔ روس کے وزیر توانائی نے کہاکہ روس کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے کاسا 1000 منصوبے میں روس کی شمولیت کی دعوت کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ روس اس منصوبے کا حصہ بننے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ روس جامشورو گیس پاور پلانٹ منصوبے کی اپ گریڈیشن پر رضامند ہے ۔