39.9 C
Islamabad
پیر, اپریل 28, 2025
ہومقومی خبریںسیکیورٹی فورسز نےشمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں خوارجیوں کی دراندازی...

سیکیورٹی فورسز نےشمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں خوارجیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی ، 54خوارج دہشت گرد جہنم واصل

- Advertisement -

راولپنڈی ۔27اپریل (اے پی پی):سیکیورٹی فورسز نےشمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاک افغان سرحد سے خوارج دہشت گردوں کے ایک بڑے گروپ کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے54 خوارج کو ہلاک کردیا۔ اتوار کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ 25/26 اور 26/27 اپریل 2025 کی درمیانی رات خوارج کے ایک بڑے گروہ کی نقل و حرکت دیکھی جو پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا ۔سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع حسن خیل کے علاقے میں مؤثر انداز میں خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا کر تمام 54 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔

ہلاک ہونے والے خوارج کے پاس سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا ایک بڑا ذخیرہ بھی برآمد ہوا ہے۔انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق خوارج کا یہ گروپ خاص طور پر اپنے غیر ملکی آقاؤں کی ایما پر پاکستان کے اندر ہائی پروفائل دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے کے لیے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ فتنہ الخوارج کی اس طرح کی کارروائیاں ایسے وقت میں جب بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے واضح طور پر یہ ظاہر کرتا ہے کہ فتنہ الخوارج کس کے اشارے پر کام کر رہا ہے۔

- Advertisement -

ایسے اقدامات ریاست اور اس کے شہریوں کے خلاف غداری کے مترادف ہیں۔حالیہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھی اس بات پر زور دیا گیا کہ بھارت کا سٹریٹیجک مقصد پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی توجہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے ہٹانا ہے تاکہ فتنہ الخوارج کو سانس لینے کاموقع دیا جاسکے جوہماری مسلح افواج کے بھرپور حملوں کی وجہ سے بری طرح پسپا ہوچکے ہیں ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بڑے سانحہ کو بروقت روک دیا۔ دہشت گردی کے خلاف جاری مہم کے دوران ایک ہی کارروائی میں سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے جانے والے خوارج کی یہ اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ایسی جراتمندانہ اور فیصلہ کن کارروائیاں ہمارے قومی عزم کو مزید تقویت دیتے ہیں اور اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588588

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں