پشاور۔ 17 اپریل (اے پی پی):سی سی پی او پشاور قاسم علی خان نے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کی خاطر یونیورسٹی کیمپس کا دورہ کیا۔کمانڈنٹ کیمپس مشتاق احمد نے سی سی پی او کا استقبال کیا اور پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمانڈنٹ کیمپس واجد شاہ، کیمپس ایس ایچ او فہیم شاہ، ار آئی سید مالک خان سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔سی سی پی او پشاور قاسم علی خان نے کیمپس میں تعمیر نو روزنامچہ کا افتتاح کیا، بعد ازاں کمانڈنٹ کیمپس مشتاق احمد نے کیمپس پولیس کی جانب سے کئے گئے سیکیورٹی انتظامات پر سی سی پی او پشاور قاسم علی خان کو بریفنگ دی۔
اس موقع پر سی سی پی او نے کہا کہ تعلیمی اداروں سمیت تمام حساس مقامات کی سکیورٹی اولین ترجیحات میں شامل ہیں جس کے لئے پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔سی سی پی او پشاور قاسم علی خان نے کیمپس میں سکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا
جس پر پولیس افسران کو سکیورٹی کو مزید بہتر اور موثر بنانے کی خاطر تمام تر ضروری اقدامات کرنے کی سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کیمپس میں آنے والے طلباء و طالبات اور رہائش پذیر افراد کے ساتھ تعاون کی بھی ہدایت کی۔ سی سی پی او قاسم علی خان نے کہا کہ پولیس کی فلاح وبہبود کی خاطر تمام تر دستیاب وسائل کو بروکار لایا جائیگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583503