اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کی وادی کاغان میں دریائے کنہار پر تعمیر کئے جانے والے نجی شعبے کے بجلی کے بڑے منصوبہ دسمبر 2022ء تک مکمل کرلیا جائے گا جس سے 870 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگی، منصوبہ پر چین کا ژیگوبا گروپ 1.962ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ سی پیک اتھارٹی کے حکام کے مطابق دریائے کنہار پر تعمیر کئے جارہے بجلی کے اس منصوبہ سے870 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگی۔ تعمیر کئے جانے والے سکی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے نہ صرف مقامی افرادی قوت کی تربیت میں مدد مل رہی ہے بلکہ دسمبر2022ء میں تکمیل کے بعد یہ منصوبہ ملک میں بجلی کی قلت میں بھی 20فیصد کمی لائے گا۔ منصوبہ پر کام کرنے والے پاکستانی اور چینی ورکرز کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کرگئی جو 24 گھنٹے مصروف عمل ہیں۔ آئندہ سال تعمیراتی سرگرمیوں کے عروج پر منصوبہ پر کام کرنے والے پاکستانی کارکنوں کی تعداد 6ہزار سے بڑھ جائے گی جس سے روزگار کی فراہمی میں اضافہ ہوگا اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جاسکے گا۔