اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں اسلام آباد کو حقیقی کاروباری مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے کوآرڈینیشن بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے جنرل سیکرٹری سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن نعمت اللہ محسود کی قیادت میں آنے والے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ آئی سی سی آئی اور سی ڈی اے کے درمیان مضبوط اشتراک شہر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی سی سی آئی صنعت ، تجارت اور خدمات کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے 15,000 سے زائد اراکین کے واحد نمائندہ ادارے کے طور پر درپیش چیلنجز کے حل کے ذریعے دوستانہ کاروباری ماحول کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔صدر قریشی نے کہا کہ اسلام آباد ہم سب کا ہے، ہمیں اسٹیک ہولڈرز کے طور پر مل کر کام کرنا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ کاروباری برادری کو متاثر کرنے والے کسی بھی فیصلے پر عمل درآمد سے قبل آئی سی سی آئی سے مشاورت کی جائے۔
سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نعمت اللہ محسود نے ملک کی معاشی ترقی میں تاجر برادری کے کلیدی کردار کا اعتراف کیا اور کاروباری سرگرمیوں کو سہل بنانے کے لیے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔چیئرمین فاؤنڈر گروپ آئی سی سی آئی طارق صادق نے صنعتی علاقے کے اہم مسائل پر روشنی ڈالی اور ان کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔
ایف پی سی سی آئی اور آئی سی سی آئی کے سابق صدر عبدالرؤف عالم نے جامع فیصلہ سازی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اہم شہری مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے آئی سی سی آئی اور مارکیٹس کی لیڈر شپ سے مشاورت کی جانی چاہیے۔ڈی جی ای اینڈ ایم وسیم صابر نے سی ڈی اے کی جانب سے انفراسٹرکچر کی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔چوہدری مسعود، خالد چوہدری، نعیم اعوان، اسد عزیز، شہزاد عباسی، راجہ ذوالفقار، محمود وڑائچ، اسحاق سیال سمیت مختلف تاجر رہنماؤں نے سڑکوں، صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس اور سیوریج کے نظام کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ بات چیت بروقت ازالے کی راہ ہموار کرے گی ۔
آئی سی سی آئی کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی نے سیشن کی نظامت کی اور اس بات پر زور دیا کہ مسائل کے موثر حل کے لیے باہمی افہام و تفہیم ضروری ہے۔اجلاس میں نائب صدر ناصر محمود چوہدری، ایگزیکٹو ممبران وسیم چوہدری، عرفان چوہدری، ملک محسن خالد، آفتاب گجر، ذوالقرنین عباسی، عمران منہاس، نوید ستی، سابق سینئر نائب صدر فاد وحید اور آئی سی سی آئی کے رکن اسرار مشوانی نے بھی شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587172