شاداب خان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک سال کے دوران سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولر بن گئے

170
شاداب خان
سینئر کھلاڑی کی حیثیت سے مشکل صورتحال کیلئے تیار تھا، شاداب خان

کراچی۔25دسمبر (اے پی پی):پاکستان کے آل رائونڈر شاداب خان بگ بیش لیگ کے ایک میچ میں تین وکٹیں لینے کے بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک سال کے دوران سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولر بن گئے۔انہوں نے یہ اعزاز بگ بیش لیگ کے چودہویں میچ میں اپنے نام کیا۔

قومی کرکٹر شاداب خان نے اپنی ٹیم ہوبارٹ ہوریکینز کی جانب سے میلبرن رینی گیڈز کو 8رنز سے شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا۔آسٹریلیا میں جاری لیگ میں لیگ اسپنر نے 4اوورز میں 20رنز دے کر ایرون فنچ، جوناتھن ویلز اور مجیب الرحمان کوآئوٹ کرکے 3وکٹیں حاصل کیں۔

اس طرح شاداب کی 2022میں حاصل کی جانے والی وکٹوں کی تعداد 61ہو گئی۔فاسٹ بولر حارث رئوف2022میں 60وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، اس سے قبل وہاب ریاض نے 2019میں جبکہ آل رائونڈر اظہر محمود نے 2013 میں 60وکٹیں حاصل کی تھیں۔24سالہ آل رائونڈر شاداب خان اب تک 224ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں جن میں شاداب نے137.12کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 2087 رنز بنائے ہیں جبکہ 7.21کی اکانومی سے 258 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔شاداب نے 6 ٹیسٹ، 53ون ڈے اور 84ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی ہے۔