لاہور۔21اپریل (اے پی پی):لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنمائوں شاہ محمود قریشی ،ڈاکٹر یاسمین راشد ،اعجاز چوہدری سمیت دیگر ملزمان کے خلاف نو مئی کے جلائو گھیرا ئوسمیت مختلف الزامات کے تحت درج نو مقدمات کا جیل ٹرائل میں گواہوں کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد مزید گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 28 اپریل تک ملتوی کردی ۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں سماعت کی ۔سوموار کو سماعت پر پی ٹی آئی کے رہنماوں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید کو جیل میں پیش کیا گیا اور ان کی حاضری لگائی گئی۔
دوران سماعت عسکری ٹاور کیس میں استغاثہ کے گواہ سب انسپکٹر اسجد علی کا بیان قلمبند کیا گیا، جس نے عدالت کے روبرو کہا کہ ملزمان کی موجودگی میں ہجوم نے منصوبہ بندی کے تحت عمارت کو آگ لگائی۔راحت بیکری کیس میں دو گواہان، کانسٹیبل غلام محی الدین اور ہیڈ کانسٹیبل محمد اکرم پر ملزمان کے وکلا نے جرح مکمل کی۔استغاثہ کی طرف سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل عبدالروف وٹو، ریاض احمد، اور میاں طاہر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ملزمان کی طرف سے ایڈووکیٹ طاہر نصراللہ وڑائچ، ایڈووکیٹ شعیب شاہین، ایڈووکیٹ رانا بلال، اور ایڈووکیٹ حفیظ الرحمٰن پیش ہوئے ۔عدالت نے مزید گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 28 اپریل تک ملتوی کر دی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585394