اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے شجرکاری مہم پر بھرپورکام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہروں اور عوامی مقامات کی خوبصورتی کو بڑھانے کے لئے اقدامات ناگزیر ہیں، خواتین کو تعلیم یافتہ، ہنرمند اور معاشی طور پر بااختیار بنانا وقت کا اہم تقاضا ہے، خواتین کو تعلیم اور صحت کی یکساں سہولیات میسر ہونی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں فلورل آرٹ سوسائٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نمائش میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین باصلاحیت ہیں اور انہوں نے مواقع ملنے پر آرٹ سمیت مختلف شعبوں میں نام پیدا کیا ہے۔
خاتون اول نے کہا کہ ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی کے لئے مردوں کے ساتھ ساتھ عورتوں کو بھی مواقع ملنے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فلورل آرٹ ایک شوق ہی نہیں بلکہ ذہنی صحت کے لئے بھی ضروری ہے، ہریالی سے آپ تازگی کا احساس حاصل کرتے ہیں اور یہ بے چینی اور پریشانی کو دور کرتی ہے۔ بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ ہریالی سے ماحول کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے اور اس کے ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے شرکاءپر زور دیا کہ وہ ہریالی کو فروغ دیں کیونکہ اس سے ماحول کو متوازن رکھنے میں مدد ملتی ہے، پاکستان کے شہروں میں ہریالی کم ہے اور اس اقدام سے پاکستان کی خوبصورتی بڑھانے اور قائم رکھنے میں مدد ملے گی۔
خاتون اول نے شجرکاری مہم پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہروں اور عوامی مقامات کی خوبصورتی کو بڑھانے کے لئے بھرپور اقدامات کی ناگزیر ہیں، اپنے آس پاس کے ماحول کو بہتر بنانے کے لئے خواتین اور نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں بھی فلورل آرٹ کی ممبر ہوں، خواتین اپنی کوششوں سے مہارت اور تخلیقی فن کو بڑھا سکتی ہیں جبکہ باغبانی کو فروغ دیا جانا چاہیے۔ بیگم ثمینہ عارف علوی نے نمائش میں رکھے گئے فلورل آرٹ کے نمونے بھی دیکھے اور ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فلورل آرٹ میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ قبل ازیں فلورل آرٹ سوسائٹی آف پاکستان کی ”آرچڑ چیپٹر“ کی صدر غزالہ صباحت اور دیگر عہدیداران نے خاتون اول کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیگم ثمینہ عارف علوی کی سرپرستی ہمارے لئے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔