ڈبلن ۔ 18 اگست (اے پی پی) شرجیل خان کی طوفانی اننگز، شعیب ملک اور محمدنواز کی شاندار بیٹنگ کے بعد عماد وسیم کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت پاکستان نے آئرلینڈ کو پہلے ون ڈے کرکٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 225 رنز کے بھاری مارجن سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، گرین شرٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 47 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، شرجیل خان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف باﺅلرز کی خوب دھنائی کی اور کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی، شرجیل خان نے 86 گیندوں پر 9 چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے 152 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، شعیب ملک 57 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ محمدنواز 53 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، جواب میں آئرش ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 23.4 اوورز میں 82 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، عماد وسیم نے 5 عمر گل نے 3 جبکہ محمد عامر اور محمدنواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ شرجیل خان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔