اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ شریف خاندان جعلی آڈیو کلپس کے ذریعے عدلیہ پر دبائوڈالنے کی کوشش کر رہا ہے، ن لیگ کی جمہوری حکومت اور قومی اداروں کے خلاف تمام سازشیں ناکام ہوں گی، مریم نواز بتائیں کہ انہوں نے کس حیثیت سے بعض میڈیا گروپس کے اشتہارات پر پابندی لگائی؟موجودہ حکومت قومی اداروں کو مزید مضبوط اور بااختیار بنانے کیلئے مختلف اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ سیاسی دبائو کے بغیر آزادانہ طور پر کام کر سکیں۔
بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز دونوں سزایافتہ مجرم ہیں، شریف فیملی ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کیلئے قومی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کر رہی ہے لیکن یہ لوگ اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے حصول میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ن لیگ ذاتی مفادات کیلئے قومی اداروں کو مس یوز کرنے ان پر دبائو ڈالنے اور ان پر حملوں کی ایک سیاہ تاریخ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم بیرون ملک بیٹھ کر عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے ہیں لیکن عدالتوں میں بدعنوانی کیسز کا سامنا کرنے کیلئے واپس آنے کو تیار نہیں ہیں، نواز شریف لندن میں پرطعیش زندگی گزار رہے ہیں لیکن اب وہ جعلی میڈیکل رپورٹس پر قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکیں گے۔