24 C
Islamabad
پیر, مارچ 10, 2025
ہومعلاقائی خبریںشعبہ ماحولیات سی ڈی اے کااسلام آباد میں ماحول دوست پودے لگانے...

شعبہ ماحولیات سی ڈی اے کااسلام آباد میں ماحول دوست پودے لگانے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا عزم

- Advertisement -

اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے شعبہ ماحولیات (انوائرمنٹ) سی ڈی اے نے اسلام آباد میں ماحول دوست پودے لگانے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا عزم کیا ہے۔ اس حوالے سے شہر بھر سے پیپر ملبری کے پودوں کی تلفی کے ساتھ ساتھ شجرکاری کیلئے ایسے پھلدار اور پھولدار پودوں اور درختوں کا انتخاب کیا جارہا ہے جو ماحول دوست پودے سمجھے جاتے ہیں۔اتوار کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد کے شہری پیپر ملبری کے درختوں کی تباہ کاریوں سے بخوبی واقف ہیں اسی لئے پچھلی کئی دہائیوں سے ہر مرتبہ موسم بہار اسلام آباد کے شہریوں کے لئے ڈراؤنے خواب سے کم نہیں ہوتا.

ان درختوں سے ہوا میں پھیلنے والے پولن کے ذرات، شدید قسم کی سانس کی الرجی اور بیماریوں کا سبب بنتے ہیں. جس سے بچے، بڑے، بوڑھے کوئی بھی اس کے نقصان دہ اثرات سے محفوظ نہیں رہ پاتا. کچھ لوگوں کو تو چند ماہ کے لئے شہر تک چھوڑنا پڑجاتا ہے.ہر مرتبہ موسمِ بہار میں شور اُٹھتا تھا تو قومی اسمبلی سے اخبارات اور دوسرے ذرائع سے آوازیں اُٹھتی تھیں مگر جب جب ان درختوں کو ہٹانے کی کوشش کی گئی کوئی نہ کوئی رکاوٹ آجاتی۔ بالآخر اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد کے لئے ایک ماحولیاتی کمیٹی تشکیل دی جس کے متعدد اجلاس کے بعد ان نقصان دہ پودوں کو ہٹا کر نئے ماحول دوست پودے لگانے کا منصوبہ منظور کیا گیا.

- Advertisement -

مگر اُس سے پہلے عوام الناس کی آگاہی اور معلومات کے لئے ایک عوامی شُنوائی کا اہتمام کیا گیا جس میں ماحولیاتی ماہرین نے ان پودوں کے نقصان دہ عوامل سے حاضرین کو آگاہ کیا جس کے بعد ان درختوں کی جڑوں سے تلفی اور ان کی جگہ نئے ماحول دوست پودے لگانے کا کام شروع کیا گیا۔فاطمہ جناح پارک میں ان پودوں ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی وہاں سے کام کا آغاز کیا گیا. اس پر سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیا اور ماہرینِ جنگلات پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی جنہوں نے ان درختوں کو نکالنے کے فیصلے کی توثیق کی اور سی ڈی اے کو پورے اسلام آباد سے ان پودوں کی تلفی اور ان کی جگہ نئے پودے لگانے کی ہدایات جاری کیں۔

بعد ازاں ایک میڈیا رپورٹ پر وزیرِ اعظم پاکستان نے بھی نوٹس لیا اور وزارتِ صحت کے معاونِ خصوصی کی سربراہی میں اس مہم کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے جس پر عمل درآمد جاری ہے۔ یہاں یہ عمل بھی قابلِ ذکر ہے کہ ہر غیر موافق پودے کی جگہ تین نئے ماحول دوست پودے لگائے جارہے ہیں۔اس اقدام سے اسلام آباد کے ماحول میں بہتری آئے گی اور اِن مہلک پودوں کے پولن کے ذرات کی وجہ سے فروری، مارچ کے دوران عوام الناس کو سانس اور دمے کی بیماریوں سے نجات ملے گی۔جہاں تک مری روڈ پر جاری ترقیاتی منصوبے میں آنے والے درختوں کا معاملہ ہے یہاں بھی ایک بڑی تعداد انہی مہلک پودوں کی ہے ان کے علاوہ تمام ماحول دوست پودوں کو ساتھ ساتھ منتقل کرکے جگہ تیار کی جا رہی ہے.

یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ اب تک دو مراحل میں کی گئی اس تلفی مہم کے دوران کل 14,000 مہلک پودے تلف کئے گئے اور ان کی جگہ اب تک 29,000 ماحول دوست پودے لگائے جاچُکے ہیں جبکہ ابھی مزید بارہ سے پندرہ ہزار پودے لگائے جائیں گے۔علاوہ ازیں موسمِ بہار 2025 کی اس مجودہ شجر کاری مہم کے دوران وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے پورے آسلام آباد میں دس لاکھ ماحول دوست پھلدار اور پھولدار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے. مزید برآں سی ڈی اے نے تقریباً ایک لاکھ سیڈ بالز مقامی درختوں کے تیار کئے گئے ہیں جو مارگلہ ہل نیشنل پارک میں مختلف جگہوں پر بوئے جائیں گئے جن سے ماحول دوست درختوں کی افزائش بہتر ہو گئی ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570645

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں