شعبہ مالیات کا جاری کردہ سرکلر مکمل طور پر آئینی، قابلِ فہم اور قانون کے مطابق ہے،مرکزی سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف احمد جواد

58

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):مرکزی سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف احمد جواد نے کہا ہے کہ شعبہ مالیات کا جاری کردہ سرکلر مکمل طور پر آئینی، قابلِ فہم اور قانون کے مطابق ہے۔ اتوار کو مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ شعبہ مالیات کا جاری کردہ سرکلر مکمل طور پر آئینی، قابلِ فہم اور قانون کے مطابق ہے، شعبہ مالیات کا ریجنل تنظیموں کو جاری کردہ سرکلر کوئی خفیہ دستاویز نہیں جسے منظرِعام پر لایا گیا ہے۔

احمد جواد نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا آئین اور مذکورہ سرکلر باضابطہ طور پر تحریک انصاف کی ویب سائٹ پر آویزاں ہیں، تحریک انصاف ملک میں جدید ترین مالیاتی نظم کی حامل پہلی جماعت ہے،پاکستان تحریک انصاف کا آئین تنظیمی مالیات کی حدود و قیود طے کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا آزاد اور خود مختار مرکزی مالیاتی بورڈ آئین کے تحت حاصل اختیارات کے ذریعے جماعت کی مالیاتی پالیسی نافذ کرتا ہے،الیکشن قوانین سیاسی جماعتوں کو جماعتی سرگرمیوں پر اٹھنے والے اخراجات کیلئے جائز اور قانونی طریقے سے وسائل کے اہتمام کی اجازت دیتے ہیں، تحریک انصاف کے کارکنان اور ذمہ داران باہم ملکر رضاکارانہ طور پر جماعت کی مالیات کا بوجھ اٹھاتے ہیں، مذکورہ سرکلر میں ریجن، ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح تک جماعتی دفاتر کے انتظام و انصرام کا کلیہ بیان کیا گیا ہے۔

احمد جواد نے کہا کہ تحریک انصاف اپنی سیاست کا بوجھ قومی خزانے اور ملکی وسائل پر ڈالنے والی سیاسی جماعتوں کیلئے مشعلِ راہ ہے، کرپشن اور بدعنوانی چھوڑ کر ان جماعتوں کو اپنے معاملات چلانے کیلئے مالیات کے اہتمام کے قانونی طریقے اختیار کرنا ہوں گے، تحریک انصاف جماعتی سطح پر مثالی مالیاتی نظم، شفافیت اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے مکمل یکسو ہے، قیاس آرائیوں کی بجائے معاملے کو مکمل طور پر سمجھ کر گفتگو بہتر اندازِ صحافت ہے۔