”شننگ فیئر ”میں پاکستان ہاتھ سے بنے قالینوں کے بڑے پیمانے پر برآمدی آرڈر حاصل کرنے میں کامیاب،سائیڈ لائن پر کامیاب ملاقاتیں ،دورس نتائج حاصل ہوں گے ، کارپٹ ایسوسی ایشن

10

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):چین میں منعدہ عالمی نمائش ”شننگ فیئر ”میں پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کے سٹالز اپنے اعلیٰ معیار اور دیدہ زیب ڈیزائنوں کی وجہ سے مختلف خطوں سے آنے والے خریداروں کی توجہ کا مرکز بنے رہے ، روایتی حریف ممالک کے مقابلے میں پاکستان کوبڑے پیمانے پر برآمدی سودے طے کرنے میں بڑی کامیابی ملی ہے ۔

پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عتیق الرحمان اور سینئر وائس چیئرمین زاہد نذیر جو عالمی نمائش میں قیادت بھی کر رہے ہیں نے بتایا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان اور پی سی ایم ای اے کے اشتراک سے ”شننگ فیئر ”میں منعقد عالمی نمائش میں پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کے 19سٹالز لگائے گئے جنہوں نے روایتی حریف ممالک کے مقابلے میں غیر ملکی خریداروں کی بھرپور توجہ حاصل کی ۔

اعلیٰ معیار اور دیدہ زیب ڈیزائنوں سے مزین ہونے کی وجہ سے پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کے سٹالز پر مختلف خطوں سے آنے والے خریداروں کا انتہائی رش رہا اور اسی وجہ سے بڑے پیمانے پر برآمدی سودے بھی طے پائے ہیں جس سے نہ صرف ہماری صنعت کو دوبارہ تحرک ملے گا بلکہ برآمدی سودوں کی تکمیل سے پاکستان کو بڑے پیمانے پر قیمتی زر مبادلہ بھی حاصل ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ نمائش بااثر تجارتی نمائشوں میں سے ایک ہے جو عالمی سطح پر مصنوعات متعارف کروانے اور بین الاقوامی سورسنگ کے ذریعے مینوفیکچررز اور خریداروں کو ایک دوسرے سے ملنے کے مواقع فراہم کرتی ہے،ہماری سائیڈ لائن پر بھی انتہائی کامیاب ملاقاتیں ہوئی ہیں جن کے دورس نتائج حاصل ہوں گے اور ان سر گرمیوں کا مستقبل میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی ترقی میں کلیدی کردار ہوگا۔ چیئرمین میاں عتیق الرحمان اور سینئر وائس چیئرمین زاہد نذیر نے کہا کہ ہم ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان اور پاکستانی سفارتخانے کے بے حد ممنون ہیں جن کی طرف سے ہر طر ح کی رہنمائی اور معاونت فراہم کی گئی جس کی وجہ سے پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوںکے مینو فیکچررز ار برآمد کنندگان توقع کے برعکس کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور ہم پر امید ہیں کہ یہ تعاون مستقبل میں بھی اسی طرح جاری رہے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ غیر ملکی خریداروں کو رواں سال پاکستان میں منعقدہ ہونے والی عالمی نمائش کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا ہے اور نئے خریداروں کو اس نمائش میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے ۔ پاکستان واپسی پر ”شننگ فیئر ”کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ مرتب کر کے جائزہ اجلاس میںپیش کی جائے گی اور اس کے مطابق آئندہ کی عالمی نمائشوں میں شرکت کے حوالے سے منصوبہ بندی کریں گے۔