شورکوٹ ،ضلع کا امن ہماری ترجیح ہے،محرم کے پر امن انعقاد کے لئے ہر شخص انتظامیہ کا ساتھ دے، ڈی سی

66

شورکوٹ ۔ 01 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرعلی اکبر بھنڈر نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ر بلال افتخار کیانی اور پاک فوج کے افسران کے ہمراہ سٹیلائٹ ٹاون میں پانچویں محرم الحرام کے جلوسوں پر انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالہ سے دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پانچ محرم الحرام کے جلوسوں پر معیاری انتظامات کئے گئے ہیں۔جلوسوں کے روٹس پر صفائی و چھڑکاؤ کیا گیا ہے ،جلوسوں کے روٹس پر فیلڈ ہسپتال موجود ہے، محرم الحرام کیمپ میں تمام ضلعی محکموں کا سٹاف ڈیوٹی پر تعینات ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کا امن ہماری ترجیح ہے اور محرم کے پر امن انعقاد کے لئے ہر شخص انتظامیہ کا ساتھ دے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے تمام جلوس و مجالس مقررہ اوقات کے مطابق برآمد اور اختتام ہوں گے اس سلسلہ میں منتظمین کا تعاون بھی ہمیں درکار ہے۔ پولیس اور انتظامیہ کے افسران جلوس کے اختتام تک فیلڈ میں رہ کر حفاظتی انتظامات یقینی بنائیں،قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں۔ڈپٹی کمشنر نے جلوسوں کی گزر گاہوں سے بھی سیکورٹی و دیگرضروری انتظامات کا جائزہ لیا۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنرعلی اکبر بھنڈر نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ر بلال افتخار کیانی اور پاک فوج کے افسران کے ہمراہ سیف سٹی ضلعی کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا