شہباز شریف نے جان بوجھ کر منصوبہ بندی کے تحت سلمان شہباز کو پاکستان سے فرار ہونے کی اجازت دی، دھیلے کی کرپشن نہ کرنے کے دعوے دار اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث نکلے،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

106

اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ‏ شہباز شریف نے جان بوجھ کر منصوبہ بندی کے تحت سلمان شہباز کو پاکستان سے فرار ہونے کی اجازت دی ۔ وزیر مملکت نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ شہباز شریف مفرور سلمان شہباز کو پاکستان واپس بلا ئیں اور عدالتوں کے سامنے پیش کریں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ قوم کی لوٹی ہوئی دولت کا حساب دے۔‏وزیر مملکت نے کہا کہ 2008 سے 2018 کے دوران شہباز شریف پنجاب کے وزیر اعلیٰ تھے، حمزہ شہباز اور مفرور سلمان شہباز نے اپنی شوگر ملز کے چپڑاسیوں،کلرکوں کے نام پر 28 خفیہ اکاؤنٹس بنائے۔

انہوں نے کہا کہ ان خفیہ اکائونٹس کےذریعے 16 ارب روپے سے زیادہ کی ناجائز دولت اورکرپشن چھپائی گئی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ایک دھیلے کی کرپشن نہ کرنے کے دعوے دار اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث نکلے۔