شہزادہ ہیری کی وجہ سے شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں شاہی خاندان کے تمام افراد فوجی یونیفارم نہیں پہنیں گے

67

اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):ملکہ برطانیہ کے شوہر شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں شاہی خاندان کے تمام افراد روایتی طور پر فوجی یونیفارم نہیں بلکہ سویلین لباس پہن کر شریک ہوں گے ۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے نے برطانوی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ برطانوی ملکہ الزبتھ دوم نے جمعرات کو فیصلہ کیا کہ شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں شاہی خاندان کے افراد عام لباس پہنیں گے ۔

یہ فیصلہ شہزادہ ہیری کی وجہ سے لیا گیا ہے جو گزشتہ سال شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے کے بعد ان سے ان کے اعزازی فوجی عہدے واپس لے لیے گئے تھے جس کے بعد وہ اپنی اہلیہ میگھن مارکل کے ساتھ امریکی ریاست کیلیفورنیا منتقل ہو گئے تھے۔ ملکہ کے مطابق اس فیصلے سے شاہی خاندان کےمتحد ہونے کا تاثر جائے گا۔

شہزادہ فلپ کی آخری رسومات 17 اپریل کو شاہی رہائش ونڈسر کاسل کے سینٹ جارج چیپل میں ادا کی جائیں گی جس کی تیاریاں جاری ہیں اور اس میں صرف سوگواران شامل ہوں گے جن میں زیادہ تر خاندان کے قریبی لوگ شامل ہوں گے اور ملک میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔

واضح رہے کہ شہزادہ ہیری کے شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے کے بعد یہ پہلی بار ہو گا کہ وہ شاہی خاندان کے ساتھ دکھائی دیں گے۔