20.5 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومقومی خبریںشہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھ کر...

شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھ کر غریبوں ،کسانوں، ہاریوں، مزدورں اور متوسط طبقے کو زبان دی، انھیں اپنے حق کیلئے آواز بلند کرنے کا سلیقہ سکھایا، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا پارٹی کے یوم تاسیس پر پیغام

- Advertisement -

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1967 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھ کر غریبوں ،کسانوں، ہاریوں، مزدورں اور پاکستان میں بسنے والے متوسط طبقے کو زبان دی اور انھیں اپنے حق کیلئے آواز بلند کرنے کا سلیقہ سکھایا۔ بدھ کو پاکستان پیپلز پارٹی کے 56 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد نصرت بھٹو اور بےنظیر بھٹو شہید کی قیادت میں اپنی جدو جہد جاری رکھی، بے نظیر بھٹو شہید کی پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کے لیے دی گئی قربانیوں کو تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سے کشمیر تک پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی مقبول ترین جماعت ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کثیر تعداد میں کارکن موجود ہیں جو قائد عوام اور محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کی تکمیل کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے ادوار اقتدار کے دوران ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے معیار زندگی کو بلند کیا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ، پارلیمان کی بالا دستی اور آئین و قانون کی حکمرانی کے لیے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی جدو جہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے ملک میں جمہوریت کی بحالی اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین، رہنمائوں اور ورکرز کی ناقابل فراموش قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے مختلف دور اقتدار میں عوام کی بے مثال خدمت کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کو ایک متفقہ آئین دینے اور ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے کے علاوہ یونیورسٹیوں، تعلیمی اداروں، ہسپتالوں کے جال بچھانے کے ساتھ ساتھ عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مصالحت اور عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنی مصالحتی پالیسی کی بدولت دیگر سیاسی جماعتوں کے تعاون سے 18ویں ترمیم منظور کروا کر یہ ثابت کیا کہ پیپلز پارٹی عوام ، جمہوریت اور وفاقی اکائیوں کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے پیپلز پارٹی کے ورکروں پر زور دیا کہ وہ سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی قیادت میں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے اور پیغام کو گھر گھر پہنچائیں اور عوام کو جمہوریت دشمن قوتوں کے مذموم عزائم سے باخبر رکھیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415122

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں