شیخوپورہ ،ڈینگی کے خاتمہ کیلیے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں، ڈپٹی کمشنر

10

شیخوپورہ۔ 14 جون (اے پی پی):ضلعی محکمہ صحت کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں ورلڈ ڈینگی ڈے کے سلسلہ میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کی ۔ سی او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر صدیق بلوچ ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ، ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل اسٹاف و دیگر عملہ سمیت ضلعی افسران نے آگاہی سیمینار میں شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈینگی کے خاتمے کے لیے حکومتی سطح پر بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں ،

ڈینگی کے مکمل خاتمے کے لیے متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریوں کو ترجیحی بنیادوں پر اداکریں تاکہ انسدادی و حفاظتی اقدامات کے حوالے سے کسی جگہ کوئی کمی یا کمزوری نہ رہے ۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ ڈینگی کے سلسلہ میں انسدادی و حفاظتی اقدامات کے حوالے سے کسی جگہ کوئی کمی یا کمزوری نہ رہنے پائے ، کباڑ خانوں، نرسریوں، سروس اسٹیشنز، ٹائر شاپس اور پٹرول پمپس سمیت سرکاری دفاتر اور گھروں کی چھتوں کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیاجائے تاکہ بروقت احتیاطی تدابیر کو اپنا کر ڈینگی وباء سے عوام الناس کو محفوظ رکھا جاسکے۔

سیمنار کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر قیادت آ گاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ آگاہی ریلی میں محکمہ صحت کے ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف و دیگر عملہ سمیت ریسکیو اہلکاروں سول سوسائٹی نے شرکت کی ۔ ریلی کے شرکاء نے ڈینگی سے بچاؤ ، حفاظتی اقدامات اور ڈینگی کے خاتمے کے لیے آگاہی والے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔\