صارفین کو بہترین اشیاءاور خدمات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،گورنر سندھ

175
صارفین کو بہترین اشیاءاور خدمات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،گورنر سندھ

کراچی۔ 18 اکتوبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ہماری قوم میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق کنزیومر چوائس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ اس شاندار تقریب میں تمام معزز خواتین و حضرات کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں، تقریب کا گورنرہائوس میں انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت صارفین کو بہترین اشیاءاور خدمات کی فراہمی کو اولین ترجیح دیتی ہے،حال ہی میں کنزیومرز پروٹیکشن ایکٹ پر دستخط کئے ہیں یہ تقریب بہترین اشیاءو خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کی خدمات کا اعتراف ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ 17 برسوں سے اس تقریب کے مسلسل انعقاد پر چیئر مین کوکب اقبال اور ان کی پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے کنزیومرز چوائس ایوارڈز کے ذریعے صارفین کی پسند نا پسند کا معیار پرکھنے میں مدد ملتی ہے۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ قابل مبارک باد ہیں وہ لوگ جو ملک کے معاشی مشکل حالات کے باوجود اپنا کاروبارجاری رکھے ہوئے ہیں ان مشکل معاشی حالات کے باوجود جے ڈی سی، انصار برنی،سیلانی،عالمگیر اور دوسرے فلاحی اداروں کو جذبہ اور کاموں کو دیکھتا ہوں تو میرا حوصلہ بڑھ جاتا ہے۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ چند لوگوں کی کی وجہ سے ہمارا ملک معاشی بدحالی کا شکار ہے،

ہمیں عہد کرنا ہے مل بیٹھ کر غور و فکر کے ساتھ ساری برائیوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ہمیں ایک قوم بن کر محنت کرنی ہے ۔کنزیومرز چوائس ایوارڈز کے موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کو شرکاءکی جانب سے کھڑے ہوکر خراج تحسین پیش کیا گیا چیئرمین کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کوکب اقبال نے کہا کہ فلاحی اقدامات کے باعث عوام گورنر سندھ سے محبت کرتے ہیں عام آدمی کی دعائیں گورنر سندھ کے ساتھ ہیں،عام آدمی جس گورنر ہاوس کے قریب سے گزرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا تھا آج با آسانی اس میں داخل ہوسکتا ہے۔قبل ازیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مختلف کمپنیز کے نمائندوں کو کنزیومر چوائس ایوارڈ دیئے۔