صحافی برادری اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے انصاف کر رہی ہے، معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب

132
وزیراعظم سے ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب کے استعفی سے متعلق خبر حقائق کے منافی اوربے بنیاد ہے، ترجمان پنجاب حکومت

لاہور۔2مارچ (اے پی پی):معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل بہتر بنانے کیلئے مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں، گزشتہ حکومت نے مصنوعی طور پر ڈالر کی قیمت مستحکم رکھی تھیں، ہماری حکومت ڈالر کو اس کی اصل قیمت پر لے کر آئی، اگر ہمیں ملک کا مستقبل عزیز ہے تو اپنے آج کے ساتھ ساتھ آنے والے سالوں کا بھی سوچ کر اقدامات اٹھانے ہوں گے اور اپنے بہتر کل کیلئے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بد ھ کے روزجی سی یونیورسٹی میں ذمہ دارانہ صحافت کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سچ کا حصول آسان نہیں، صحافی حق اور سچ کی جنگ لڑ رہے ہیں، طاقتور لوگوں کی کرپشن اور سکینڈلز بے نقاب کرنا میڈیا کا بڑا جہاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا ہی معاشرے کی سمت کا تعین کرتا ہے، اس ضمن میں میڈیا ورکرز کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ حسان خاور نے طلبا سے کہا کہ وہ ذمہ دارانہ صحافت کو یقینی بنائیں اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے قومی مفاد کو عزیز رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ طلبا بطور میڈیا ورکر معاشرے میں آنے والی دڑاروں کو بڑھنے مت دیں اور انہیں اپنے قلم کے ذریعے بھریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا سٹوڈنٹس پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران ہمیشہ تصویر کا مثبت رخ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مفاد ہم سب کو ترجیحا عزیز ہونا چاہئے، ایسے میں کسی کے ذاتی ایجنڈا کو آگے نہ بڑھانا ہی ذمہ دارانہ کردار کی انجام دہی کے مترادف ہے۔