صحت کے شعبے میں برٹش ہائی کمشنر کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،وفاقی وزیر صحت

140

اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہے ہیں، صحت کے شعبے میں برٹش ہائی کمشنر کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار وفاقی وزیر نے برٹش ہائی کمشنر کی ڈائریکٹر انچارج ڈویلپمنٹ جو مایر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر بصیر اچکزئی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں عبدالقادر پٹیل نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے سندھ اور بلوچستان میں خصوصی طورپر صحت کے شعبے میں تعاون پر برٹش ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ صحت کے شعبے پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ صحت کے شعبے میں اپ کی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دیہی سطح پر انفارمیشن منیجمنٹ اور ادویات کی سپلائی کی بہتری کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ غذائی قلت کی شکار مائیں اور بچوں کی خوراک کیلئے مزیز اقدامات کی ضرورت اور تعاون بھی درکار ہے۔عبدالقادر پٹیل نے محکمہ صحت کے کارکنوں کی استعداد کار بڑھانے کی بھی سفارش کی ہے۔

ملاقات میں ڈائریکٹر انچارج برٹش ہائی کمشنر نے اس سلسلہ میں بھر پورتعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت میں بہتری کیلئے خصوصی امداد دی جارہی ہے۔ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچاؤ کیلئے صحت اور تعلیم کے شعبے میں صوبائی حکومتوں سے ساتھ ملکر بھر پور تعاون کر رہے ہیں۔ مزید برآں وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز حکومت برطانیہ کے ادارے ایف سی ڈی او نے وزارت صحت کے ساتھ ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔