
کوئٹہ۔04 مارچ (اے پی پی )صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ عظیم الشان امکانات اور توقعات ہمارے دروازے پردستک دے رہے ہیں، پاکستان اس وقت ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ سبی میلہ تمام علاقے کے لئے خوشگوار پیغام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو رنگا رنگ سبی میلہ کے دوران بلدیاتی کنونشن اور اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ سبی میلہ آمد بہار اور خوشیوں کی خبر لے کر آتا ہے۔ بلوچستان میں اب حقیقی بہار آ رہی ہے اور سی پیک منصوبہ خوشحالی لائے گا، ملک میں ترقی اور خوشحالی کا سورج طلوع ہورہا ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور خاص طور پر بلوچستان نے کچھ عرصے مشکلات برداشت کیں لیکن اب حالات میںبتدریج بہتری آرہی ہے انہوںنے کہا کہ علاقے میںاقتصادی ترقیاتی منصوبوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے میلے کی بنیاد پڑی۔میلے میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت خوش آئند ہے۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ سی پیک کی کسی روٹ میں تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ سی پیک کا مقصد دنیا کے دیگر خطوں کو قریب لانا ہے۔ موجودہ دور میں بلوچستان کے عوام پر بھی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ سی پیک سے پسماندہ علاقوں میں ترقی ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ گوادر میں کیمپس قائم کرنے کے لئے ایوان صدر کے اخراجات کم کرکے نمل یونیورسٹی کو فنڈز دیئے ہیں۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ ہمارا طرز عمل فراخدلانہ ہونا چاہئے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ روایتی طرز عمل ترک کرکے آگے بڑھا جائے۔ صدرمملکت نے کہا کہ بلوچستان اور دیگر پسماندہ علاقے سی پیک منصوبے سے فائدہ اٹھاسکیںگے۔ حالات کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق چلنے والے ہی ترقی کرتے ہیں۔