صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کی جون 2021 تک پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کے لئے اقدامات کی ہدایت

159

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے جون 2021 تک پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ پارلیمان کے دونوں ایوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ازحد ضروری ہے۔ صدرمملکت نے یہ بات بدھ کویہاں پارلیمنٹ ہائوس کو سائبر صلاحیتوں سے لیس کرنے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،وفاقی وزیر برائے آئی ٹی سید امین الحق ،سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی شعیب احمدصدیقی، سیکرٹری قومی اسمبلی طاہرحسین اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ایگزیکٹوڈائریکٹرشباہت علی شاہ نے شرکت کی۔ صدرمملکت کو پارلیمنٹ کی آٹومیشن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔صدرنے اجلاس میں بتایا کہ موثر فیصلہ سازی، بہترسیکرٹریٹ اور کمیٹی مینجمنٹ کے لئے پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن ازحد ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ضروری ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن سے پارلیمنٹ کی کارکردگی میں بہتری آئیگی اور قانون سازی پر نگرانی کا موثر نظام قائم کرنے میں مدد ملے گی۔صدرمملکت نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو جون 2021 تک پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔\