صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کی ملاقات

82

مظفر آباد۔2نومبر (اے پی پی):صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کی ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ون آن ون تفصیلی ملاقات کی ۔ اس موقع پر ملاقات میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کے درمیان آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں پر ظلم و جبر جاری رکھے ہوئے ہے اور مظلوم کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت نے حال ہی میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں جعلی انتخابات کا ڈھونگ رچا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے لیکن بھارت اپنے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مسئلہ کشمیر کو ختم نہیں کر سکتا۔

لہذا ایسے حالات میں مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر موثر انداز میں آواز اُٹھائی جائے گی اور دنیا کو بھارت کا مکروہ چہرہ دکھائیں گے۔ وفاقی وزیر امور کشمیرو گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر اپنی سیاسی و سفارتی حمایت کا یقین دلایا۔