صدر آزاد جموں کشمیر سردار مسعود خان کاجامعہ کراچی میں منعقدہ لیکچر ”کشمیر: خیالات اور حقیقت“ کے دوران اظہارخیال

76

کراچی۔ 29 دسمبر (اے پی پی) صدر آزاد جموں کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی انتہا کر رکھی ہے اور پچھلے چند مہینوں کے دوران کئی کشمیری شہید اور تقریباً 300 سے زائد مسلمانوں کو پیلٹ گن کے استعمال کے ذریعے نابینا کردیا گیا ہے جبکہ 20 ہزار سے زائد لوگ زخمی کئے جا چکے ہیں، ان تمام مظالم کے باوجود آج بھی کشمیری مسلمانوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، بھارت آزادی کی جدوجہد کو کچلنے کے لیے ہر طرح کے حربے استعمال کر رہا ہے اور عالمی برادری کو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہا ہے کہ کشمیری دہشت گرد ہیں جبکہ اصل دہشت گردی بھارتی فوج کی جانب سے کی جا رہی ہے جس کا شکار کشمیری قوم ہے۔ بھارت کی جانب سے الزامات لگائے جاتے ہیں کہ پاکستان کشمیر میں مداخلت کر رہا ہے جبکہ لائن آف کنٹرول پر سخت سیکورٹی اور تھرمل امیجنگ کی وجہ سے کسی کا بھی غیر قانونی طور پر لائن آف کنٹرول کو پار کرنا ناممکن ہے، یہی نہیں بلکہ خود بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال گولہ باری کی جاتی ہے جس کا خمیازہ پاکستانی عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔